ْسلام آباد(جیوڈیسک) چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن پر سیاسی جماعتوں کے الزامات مسترد کر دیے۔ جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم کہتے ہیں الیکشن کمیشن کے تمام ممبران کی تقرری آئین کے مطابق ہے۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے الیکشن کمیشن پر سیاسی جماعتوں کے الزامات غلط ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی طرف سے ذاتی حملے مناسب نہیں۔ ان الزامات سے انتخابی عمل متاثر ہوگا۔ کمیشن کے تمام ممبران کی تقرری آئین کے مطابق ہے۔ الیکشن کمیشن کوبدنام کرناقبول نہیں۔
الیکشن کمیشن کا اصل مقصد شفاف انتخابات وقت پر کرانا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کہتے ہیں اسٹیک ہولڈر کو تنقید کا اختیار ہے ذاتی حملے نہیں ہونے چاھیئے۔ سیا سی جماعتیں الیکشن کمیشن کی مدد کریں۔ ارکان پارلیمنٹ کی دہری شہریت کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیا۔
الیکشن کمیشن کے اجلاس میں نئی حلقہ بندیوں اور عام انتخابات سے متعلق معاملات کوحتمی شکل دی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے کراچی میں گھر گھر ووٹرز کی تصدیق کے معاملے پر دھرنا دینے والی سیاسی جماعتوں کے ساتھ الیکشن کمیشن کی بیٹھک آج ہو رہی ہے۔