امریکا ایران کے سول جوہری پروگرام پر راضی

khamenei

khamenei

امریکا : (جیو ڈیسک)امریکی صدر براک اوباما نے ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای کو دئیے گئے خفیہ پیغام میں ایٹمی پروگرام تسلیم کرنے کی مشروط پیشکش کی ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ براک اوباما نے ایران کو خفیہ پیغام کے ذریعے پیشکش کی کہ اگر ایران جوہری پروگرام کے پرامن استعمال کے بارے میں یقین دہانی کرا دے تو امریکا سویلین جوہری پروگرام کو تسلیم کر لے گا تاہم صدر اوباما نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایران کو مقامی طور پر یورنیم کی افزودگی کی اجازت دی جائے گی یا نہیں۔

خامنہ کو خفیہ پیغام ترک وزیراعظم رجب اردگان کے ذریعے گزشتہ ہفتے پہنچایا گیا۔ صدر اوباما نے ترک وزیر اعظم سے کہا کہ وہ ایران پر واضح کر دیں کہ مسئلے کے حل کے لئے وقت کم رہ گیا ہے اور ایران کو مذاکرات کے ذریعے معاملے کوحل کرنے کے موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

امریکا نے خفیہ پیغام آیت اللہ علی خامنہ ای کے اس اعلان کے بعد دیا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام سول مقاصد کے لئے ہو گا جسے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے لئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔