امریکا (جیوڈیسک) امریکا میں صدارتی انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی ہے، دونوں امیدواروں نے امریکی معیشت کو اپنی تقاریر کا محور بنا رکھا ہے۔ اوباما اپنے دور حکومت کے کار نامے گِنوا رہے ہیں تو مٹ رومنی عوام کو بہتر معیشت کے خواب دکھا رہے ہیں۔امریکی صدارتی انتخابات کے دونوں امیدواروں نے ایک ہی چینل کو انٹرویو دیئے ہیں۔ صدر اوباما نے کہا ہے کہ حالیہ سمندری طوفان کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم متحد ہے، تعمیر نو اور بحالی کا عمل جلد مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چار سال قبل امریکا دو جنگوں میں الجھا ہوا تھا،جس کے باعث معیشت سنگین بحران کا شکار ہو گئی تاہم معیشت کو بحال کر دیا ہے۔
دوسری جانب صدارتی امیدوار مٹ رومنی کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار ہے، جس کی وجہ سے لاکھوں امریکی بے روزگار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے امریکی شہریوں کے خواب بکھر گئے ہیں، معیار زندگی برباد ہوگیا ہے اور ہر طرف ناامیدی نظر آرہی ہے۔ مٹ رومنی نے اپنے مضمون میں مزید کہا کہ وہ توانائی بحران سے نکلنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اوباما کی معاشی پالیسیوں نے ملک کو پیچھے دھکیل دیا ہے تاہم تمام امریکی متحد ہیں اور مل کر مشکلات سے نکل سکتے ہیں۔ مٹ رومنی کا کہنا تھا کہ وہ اوباما کی پالیسیوں کو مسترد کر کے نئی پالیسی بنائیں گے جس سے روزگار اور تجارت کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو محفوظ کرنے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔