واشنگٹن (جیوڈیسک) واشنگٹن میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ امریکا سے امداد کی بجائے تجارت چاہتے ہیں، طور خم پشاور روڈ امریکا تعمیر کرے گا۔ امریکا کے ساتھ انرجی، واٹر، اکنامک اور ڈیفنس ورکنگ گروپس پرپیش رفت ہوئی ہے۔واشنگٹن میں پاکستانی سفیر شیری رحمان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمیت دیگرحکام سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں پاکستان سے متعلق غلط فہمیاں دورکرنے کی کوشش کی۔
امریکا کیساتھ اعتماد سازی میں پیش رفت ہوئی ہے، یو ایس ایڈ کی مدد سے کئی سو میگا واٹ بجلی اس سال سسٹم میں آجائے گی۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ امریکی حکام سے ملاقاتوں میں افغانستان اور خطے کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔ امریکا سے امداد کی بجائے تجارت چاہتے ہیں، طور خم پشاور روڈ امریکا تعمیر کرے گا۔ اس سے قبل دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی۔ امریکی وزیرخارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ گستاخانہ فلم قابل نفرت ہے لیکن پاکستان میں احتجاج پر بھی تشویش ہے۔ پاکستانی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ توہین آمیزفلم سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔