اسلام آباد پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی ایلچی مارک گراسمین کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، امریکا شمالی وزیرستان میں آپریشن کیلئے دباو نہیں ڈال رہا۔ امریکی سفارتخانے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مارک گراسمین پاکستانی قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کریں گے۔ مارک گراسمین نے اپنے دورے کے آغاز پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا شمالی وزیرستان میں آپریشن کیلئے پاکستان پر دباو نہیں ڈال رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کا فیصلہ پاکستان نے خود کرنا ہے، پاک امریکا تعلقات میں ہر روز بہتری آرہی ہے۔