امریکہ : (جیو ڈیسک)امریکی ایوان نمائندگان نے چھ سوبیالیس ارب ڈالر سے زائد کا دفاعی بجٹ منظور کرلیا۔ پاکستان کے لئے کولیشن سپورٹ فنڈ سمیت مختلف مدوں میں دو ارب نوے کروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ کولیشن سپورٹ فنڈ کی ادائیگی نیٹو سپلائی روٹس کھولنے سے مشروط کی گئی ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان میں رائے شماری کے دوران 299 ارکان نے دفاعی بجٹ کے حق اور 120 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیئے۔ افغان جنگ اور دیگر غیرملکی آپریشنزکیلئے اٹھاسی ارب پچاس کروڑ ڈالر رکھے گئے ہیں۔
پاکستان سے متعلق تمام پروگرامز بھی بجٹ کا حصہ ہیں جس میں کولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت تقریبا دو ارب ڈالر اور اکنامک سپورٹ فنڈ کی مد میں تقریبا بانوے کروڑ اسی لاکھ ڈالربھی شامل ہیں۔ تمام رقم امریکی محکمہ دفاع اور محکمہ خارجہ کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔