سماجی مساوات کیلئے وال اسٹریٹ مخالف احتجاجی لہر نیو یارک کے بعد اب امریکہ کے دیگر شہروں تک پھیل گئی ہے اور واشنگٹن میں بھی سیکڑوں افراد نے سماجی تحفظات اور مساوات کیلئے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین میں کالجوں کے طلبا، مختلف اداروں کے ملازمین اور یونین آرگنائزرز شامل تھے، جو بے روزگاری، بے گھری اور دیگر مسائل کیخلاف احتجاج کر رہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ اس تحریک کا ابھی آغاز ہے۔ مظاہروں شامل لوگ ایک مخصوص حلقے نہیں لاکھوں امریکیوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ احتجاجی مظاہروں کا یہ سلسلہ وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو تحریک کی طرف سے شروع کیا گیا ہے۔ اس کی طرف سے آسٹن، ہوسٹن، نیوجرسی سٹی، سیاٹل اور واشنگٹن سمیت مختلف امریکی شہروں میں مظاہروں کا پروگرام بنایا گیا ہے۔