وفاقی وزیر قانون مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ پاکستان کا اندرونی مسئلہ ہے امریکہ سمیت کسی دوسرے ملک کو اس پر بحث کی ضرورت نہیں۔ پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دنیا میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون چل رہا ہے تاہم ملک کی سا لمیت اور وقا ر کی جب بھی بات آئی ہے تمام جماعتوں نے یکساں موقف اختیار کیا ہے۔ بیسویں ترمیم سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ بیسویں ترمیم ہونی چاہیئے تاہم ہر کسی کا موقف اپنا اپنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب بل کی راہ میں سیاسی جماعتوں کا موقف رکاوٹ بنا ہوا ہے۔