امریکہ کی مرضی پر نیٹو سپلائی نہیں کھولیں گے،کائرہ

kaira

kaira

کراچی: (جیو ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ جب ہم امریکہ کی مرضی پر نیٹو سپلائی نہیں کھولیں گے تو امریکہ ہم پر ناراض تو ہوگا۔ پارلیمنٹ کے فیصلے کے تحت نیٹو سپلائی اب تک بند ہے ۔

کراچی پریس کلب کے دورے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے قمرالزمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وزیر اعلی شہباز شریف قوم پرستی کا نعرہ لگا کر صوبوں کے درمیان محاذ آرائی کی فضا پیدا کرنا چاہتے ہیں جس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی الیکشن ہونے دینگے ، کیونکہ غیر جماعتی بلدیاتی نظام آمریت کی پیداوار ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلدیاتی انتخابات کرائے گی اور اس کے بعد عام انتخابات کرائے گی ، پنجاب میں قوم پرستی کی باتیں کرنے والے این ایف سی ایوارڈ پر عمل کرائیں اور ہفتے میں دو چھٹیوں کے فیصلے پر عمل کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے بعد توانائی کا بحران بہت بڑا مسئلہ ہے اور حکومت اس پر بھاری رقم سبسڈی کے طور پر رکھ رہی ہے ۔ بجلی کے بحران پر کنٹرول کرنے کیلئے بجٹ میں پچاس ارب سے بڑھاکر 88 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور بھاشا ڈیم پر کام شروع ہوچکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف وفاقی حکومت کی مراعات لے رہے ہیں ان کو بلڈ پروف گاڑی اور اسٹاف وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ہے اور ان کے گھر کے ارد گرد 15 سو پولیس اہلکار مقرر ہیں۔ میاں نواز شریف کے تمام اخراجات پنجاب حکومت ادا کررہی ہے پنجاب ہاؤس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔