امریکی ایوان نمائندگان:دفاعی بجٹ میں 3 ارب ڈالر اضافے کامطالبہ

Senate

Senate

امریکا: (جیو ڈیسک) امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے مسلح افواج نے دفاعی بجٹ میں 3 ارب ڈالر اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صدر بارک اوباما کی انتظامیہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں دفاع کیلئے 551 ارب ڈالر جبکہ افغان جنگ کیلئے مزید 88 ارب ڈالر مختص کرنے کے منصوبہ کا اعلان کیا تھا۔

امریکی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے دفاع کیلئے 554 ارب ڈالر مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی کی طرف سے بیان جاری کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین ریپبلکن رکن کانگریس بک میک کیون نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں اضافے کی درخواست حکومت کو درپیش مالی مشکلات سامنے رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی مسلح افواج کے سربراہان نے صدر بارک اوباما کی طرف سے دفاعی بجٹ میں مجوزہ کٹوتیوں کی حمایت کی ہے تاہم اپوزیشن جماعت ریپبلکن پارٹی کے ارکان کانگریس کا کہنا ہے کہ دفاعی بجٹ میں کٹوتیاں امریکی سلامتی پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہیں۔