امریکہ : (جیو ڈیسک)امریکی سینیٹرجان مک کین نے حقانی گروپ کے ساتھ رابطوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ حقانی نیٹ ورک جیسے دہشت گرد گروپوں کیخلاف کارروائی نہ کرنے کیلئے کشمیر کو جواز کے طور پر پیش کرے۔واشنگٹن میں کارنیگی انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں دہشت گرد گروپ کھلے عام کام کرتے ہیں۔ پاکستان کو ان کیخلاف کارروائی نہ کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کو استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ پاکستان نے بہت بڑی تعداد میں فوج بھارت کے ساتھ سرحد پر تعینات کر رکھی ہے جسے افغانستان کے ساتھ سرحد پر بہتر طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے پاکستان کے انٹیلی جنس ادارے پر حقانی نیٹ ورک کے ساتھ رابطوں کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رابطے ابھی تک برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حقانی نیٹ ورک کی حمایت ترک نہ کی تو وہ غیرمحفوظ ہوجائے گا اور اسے عالمی برادری میں تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔