واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے قرض کی حد میں اضافے کے معاملے پر ریپبلکنز جماعت کی بجٹ اصلاحات کا بل مسترد کردیا ہے۔ ایوان نمائندگان نے اس بل کی منظوری دی تھی۔ اجلاس کے دوران صدر اوباما کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ صدر اوباما کا کہنا تھا کہ معیشت دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے اور ہم وقت ضائع کررہے ہیں۔ اصلاحات کا بل رپبلکن اکثریت والے امریکی ایوانِ نمائندگان سے منظوری کے بعد اسی دن سینیٹ میں پیش کیا گیا جہاں ڈیموکریٹ اراکین کی اکثریت والے ایوان نے اسے رد کردیا۔ سینیٹ میں اس بل کی مخالفت میں انسٹھ اور حمایت میں اکتالیس ووٹ آئے اور کئی رپبلکن سنیٹرز نے بھی اس بل کی مخالفت کی۔ ریپبلکنز منصوبے کے تحت اخراجات میں نو سو ارب روپے کمی کے ساتھ قرض کی حد میں اسی رقم کے برابر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ اگر اس منصوبے کو منظوری دے دی جائے تو آئندہ برس کے آغاز میں قرض کی حد پر ایک اور بحث شروع ہو گی جبکہ آئندہ برس صدارتی انتخاب کا سال بھی ہے۔