امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ کے صدارتی انتخاب میں نئی مدت کے لئے صدر کا فیصلہ تو امریکی عوام کریں گے لیکن پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی ہمدردیاں براک اوباما کے ساتھ ہیں البتہ کچھ تو یہ بھی نہیں جانتے کہ صدارتی میدان میں امیدوار ہیں کون کون۔ ویسے تو زیادہ تر پاکستانی امریکی پالیسیوں سے ناراض ہی نظر آتے ہیں اورقومی مفادات پر جب بھی ضرب پڑتی ہے تو امریکی حکمرانوں کے خلاف بھر پور غم و غصے کا اظہار کیا جاتا ہے۔
تاہم امریکہ کے صدارتی انتخابات میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد اس بات پر متفق ہے کہ براک اوباما رومنی کی نسبت کم برائی ہیں۔ شہریوں کا یہ بھی کہناہے کہ کوئی بھی امریکی صدر بنے اسکی پاکستان کے لئے پالیسی میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ کچھ شہری تو ایسے بھی ہیں جو امریکی انتخابات سے بالکل ہی لاتعلق ہیں اور صدارتی امیدواروں کانام بھی صحیح طرح نہیں جانتے۔
پاکستان میں مقیم غیر ملکی بھی رومنی سے زیادہ براک اوباماکو پاکستان کے لئے بہتر سمجھتے ہیں۔ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کی یہ سوچ ہے کہ امریکی انتخابات کانتیجہ جوبھی ہو پاکستان کے خلاف ڈروں حملے اورامریکہ کے ظالمانہ اقدامات جاری رہیں گے۔