امریکی نائب صدر جو بائیڈن جاپان کا دورہ کررہے ہیں جو ان کے ایشیا کے دورے کا آخری پڑا ہے۔منگل کو مسٹر بائیڈن جاپان کے وزیر اعظم ناتو کان سے ملاقات میں رواں سال سونامی اور زلزلے سے تباہ ہونے والے علاقوں کی تعمیر نو کے بارے میں تعمیر نو پر تعاون پر بات چیت کریں گے۔ بعد ازاں وہ سنڈائی کا دورہ کریں گے جو اس قدرتی آفت سے شدید متاثر ہوا تھا۔امریکی نائب صدر یہاں کے ایک مقامی ہوائی اڈے پر تعمیر نو پر خطاب بھی کریں گے جہاں امریکی افواج نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا تھا۔بدھ کو مسٹر بائیڈن ٹوکیو میں امریکی سفارتی عملے سے ملاقات کے علاوہ علاقے میں امریکی فضائیہ کے اڈے کا دورہ بھی کریں گے۔امریکہ کے نائب صدر پیر کی شب منگولیا سے ٹوکیو پہنچے تھے۔