امریکی وزیر خارجہ کا اسرائیل کا ہنگامی دورہ

Hillary Clinton Yahoo

Hillary Clinton Yahoo

مشرق وسطی میں کشیدگی کے باعث امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن ہنگامی دورے پر اسرائیل پہنچی ہیں جہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ خطے پر امریکا کی گہری نظر ہے اور چاہتے ہیں کہ کشیدگی کو جلد ختم کردیاجائے۔

غزہ میں جاری اسرائیلی کاروائیوں کو روکنے کے لئے عالمی برادری نے کوششوں میں تیزی آگئی ہے۔اسرائیل اور حماس کے مذاکرات کاروں نے مصری انٹیلی جنس کے حکام سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی فریقین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حملے ختم کر دیں اور غزہ میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر توجہ دیں۔

امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملاقات کی اور علاقے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ خطے کی صورتحال پر امریکا کی گہری نظر ہے۔ امریکا اسرائیل کی سلامتی کو مقدم سمجھتا ہے۔ امریکا خطے میں پائیدارامن کیلئے فریقین سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اور فلسطینی عوام کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کا اعلان کیا۔ ہیلری کلنٹن نے کہا کہ کشیدگی ختم کرنے کیلئے حماس کو راکٹ حملے روکنا ہوں گے۔

انہوں نے مشرق وسطی کے بحران کے خاتمے کی کوششوں میں مصری صدرکے کردار کو سراہا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے امریکا کی حمایت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ اسے دفاع کیلئے امریکا یا کسی دوسرے ملک سے پوچھنے کی ضرورت نہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ غزہ کے مسئلے کو جلد حل کر لیاجائے۔