اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے صدر مملکت ممنون حسین کو ارسال کردہ سمری میں وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی کا اجلاس 5 دسمبر جبکہ سینیٹ کا اجلاس 2 دسمبر کو بلانے کی ایڈوائس کی ہے۔ سمری کی منظوری کے بعد صدر مملکت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا اجلاس طلب کریں گے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی نے ہنگو میں امریکی ڈرون حملے کے خلاف تحریک التوا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔ تحریک التواء پیپلز پارٹی کے رہنماوں نوید قمر، شازیہ مری اور عمران لغاری نے اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی۔
تحریک کے متن کے مطابق مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور میں ڈرون حملوں کے بند ہونے کی یقین دہانی کے بعد ہنگو میں ڈرون حملہ حیرت انگیز ہے۔
تحریک میں کہا گیا ہے کہ ہنگو میں ڈرون حملہ پاکستان کی خودمختاری پر براہ راست حملہ ہے۔ تحریک التوا میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس قومی اہمیت کے معاملے پر فوری طور پر قومی اسمبلی میں بحث کرائی جائے۔