امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تاجر برادری کا تعاون بے حد ضروری ہے :راجہ بشارت
Posted on August 5, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات (جی پی آئی) امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تاجر برادری کا تعاون بے حد ضروری ہے ، ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجہ بشارت نے تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ غریب پورہ میں عوامی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایس ایچ او بی ڈویژن جاوید گجر ، ایس ایچ او اے ڈویژن سعید احمد ، ایس ایچ او سول لائن یوسف تارڑ ، انچارج چوکی شاہدولہ شبیر باجوہ ، انجمن تاجران کے صدر جاوید بٹ ، ملک جاوید اختر اعوان ، سیٹھ ظہیر عباس ، افتخار شاکر ، محرر مقصود احمد ، حماد سید اور دیگر بھی موجود تھے ، ڈی پی او نے تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینہ میں تاجر برادری کے تعاون سے امن و امان بہتر بنانے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا گیا ہے ، اور تاجر برادری کا میں انتہائی مشکور ہوں جن کے تعاون سے ضلع میں امن و امان قائم ہے ، تاجروں سمیت عوام کو چاہیے کہ وہ جرائم کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن تعاون کریں اور پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرے پولیس ملازمین کو کہہ دیا ہے کہ وہ عوام کی خدمت کو اولین ترجیح دیں ، جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرنے والے افراد چاہیے وہ کسی بھی شعبہ سے تعلق رکھتے ہوں قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ، دہشت گردی سے نپٹنے کیلئے گجرات پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے عوام اور تاجر کسی کو بھی اگر مشکوک حالت میں دیکھیں تو پولیس کو فوری اطلاع کریں تا کہ کسی ناخوشگوار حادثہ سے بچا جا سکے،
اس موقع پر تاجروں نے پولیس کارکردگی کو سراہا اور کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں ، جن میں کہا گیا کے تھانوں میں محرر اور انچارج صاحبان ایسے تعینات کیے جائیں جو سست روی کی بجائے فوری ایکشن لیں اور بازاروں میں رمضان کے بعد پولیس آپریشن کیا جائے ، اور رمضان میں خفیہ پولیس اہلکاروں کو بازاروں میں تعینات کیا جائے ، جبکہ کھلی کچہری میں آنے والے کئی سائلین ڈی پی او کو اپنے مسائل سے آگاہ نہ کر سکے ، اور سائلین سخت بارش میں ذلیل و خوار ہوتے ہوئے واپس لوٹ گئے ، سائلین کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریاں عوام کو انصاف فراہم کرنے کیلئے لگائی جانی چاہیں اور ایسے افراد کو ڈی پی او کی کھلی کچہری میں رسائی ہونی چاہیے جن کی کہیں بھی شنوائی نہیں ہوتی ، اکثر ڈی پی او کی کھلی کچہریوں میں سیاسی ، تاجراور دیگر ایسے طبقہ کے افراد نظر آتے ہیں جو کہ پہلے ہی ڈی پی او کے قریب ہوتے ہیں اور ان کو کسی قسم کے مسائل درپیش نہ ہیں ، لہٰذا عوام کی آنکھوں میں دھول نہ جھونکی جائے ، کھلی کچہریوں کا مساجد میں باقاعدہ اعلان کرنا چاہیے اور میڈیا میں تشہیر کرنی چاہیے تا کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو افسران تک رسائی ہو اور پولیس کی اصل کارکردگی سے آگاہ کیا جاسکے۔