لودھراں(جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کا نظریہ صرف کرسی ہے اسی لیے عام انتخابات میں سٹیٹس کو پارٹیوں سے الحاق نہیں کریں گے۔
جہانگیر ترین کے فارم پر میڈیا سے گفتگو کرتے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف عام انتخابات میں کلین سویپ کرے گی کیوں کہ پاکستان کا ہر طبقہ ہی ملک میں تبدیلی چاہتا ہے اور اگر انتخابات نہ ہوئے تو سڑکوں پر خون ہو گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم سر اقتدار آ کر ملک میں امن کے لیے خارجہ پالیسی ضرور تبدیل کریں گے تا کہ معیشت مضبوط اور تعلیم عام ہو۔ اس موقع پر عمران خان نے جنوبی پنجاب کی محرومیوں پر شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے لاہور کی سڑکوں پر اربوں روپے خرچ کر دیئے جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں احساس محرومی بڑھ گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی نظام کو ٹھیک کرنے سے ہی لوگوں کے مسائل حل ہوں گے۔