اسلام آباد (جیوڈیسک) ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن افضل خان نے کہا ہے کہ انتخابات کسی اورادارے کی نگرانی میں نہیں ہوں گے۔ حساس مقامات پر فوج تعینات کی جائے گی۔اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے افضل خان نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسلحہ نمائش کرنے والا امیدوارنااہل اورپارٹی کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور سیکرٹری نے میڈیا پلان مرتب کیا ہے۔
جسٹس ر فخرالدین جی ابراہیم اوراشتیاق احمد صوبائی دارالحکومت میں سیاسی قیادت کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ منصوبے کا آغازبلوچستان سے کیا جائے گا۔ ایڈیشنل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ الیکشن کسی اورادارے کی نگرانی میں نہیں ہوگا تاہم حساس جگہوں پرآرمی تعینات کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی پاکستانیوں کوووٹ کا حق حاصل ہے۔ 37 لاکھ غیرملکی پاکستانی رجسٹر ہو چکے ہیں۔ ان کے ووٹ کے طریقہ کارپرقانون سازی کی جارہی ہے۔