چئیرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں نے کہا ہے کہ گزشتہ چند سالوں سے عالمی حالات میں تیزی سے ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان میں داخلی عدم استحکام کی لہر آئی ہے ، ہمیں انتہائی خطرات کی حامل ایک ایسی نئی جنگ کا سامنا ہے جس کے نتائج ہماری آزادی اور خود مختاری کے لئے خطرناک ہو سکتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل خالد شمیم وائیں نے ہفتہ کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 126ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر حال میں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ہم پر امن قوم ہیں اور انتہاپسندی کو کسی صورت پنپنے نہیں دینگے اور انتہا پسند ہمارے عزم اور ہمت کو پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ ہم ایک ایسے دور میں رہ رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی تیزی سے فروغ پذیر ہے اور اگر مستقبل کی فوجی قیادت نے خود کو اس بدلتے ہوئے رجحانات اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں نہ ڈھالا تو یہ ان کے لئے باعث نقصان ہوگا۔
ان کا کیڈٹس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے اور ہمارے کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں اور ہم دنیا میں امن کا فروغ چاہتے ہیں جو کہ ہمارے داخلی استحکام کی ضمانت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فوجی جوانوں اور افسران نے مادر وطن کے دفاع کیلئے نہ صرف جانوں کا نذرانہ پیش کیا بلکہ ڈیوٹی کے دوران بہترین مہارتوں اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور جو اعتماد پاس آٹ ہونے والے کیڈٹس پر کیا گیا ہے یہ پوری قوم کے لئے باعث فخر ہیں۔
انہوں نے کامیاب کیڈٹس ، ان کے والدین اور فیکلٹی سٹاف کو مبارکباد دی اس موقع پر اعزازی شمشیر بہترین کیڈٹ سینئر انڈر آفیسر انیس کو دی گئی۔ جلال نے صدارتی گولڈ میڈل ، اسامہ نے اوور سیز گولڈ میڈل اور طارق نے چیف آف ارمی سٹاف کی چھڑی حاصل کی۔