لاہور (جیوڈیسک) اسلام ایک مکمل ایسا ضابطہ حیات ہے جو انسانوں کی معاشی،معاشرتی اوراخلاقی اقدار کے فروغ کادرس دیتا ہے۔اس لئے ہم سب پر یہ لازم ہے کہ باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مجموعی انسانی ترقی کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔
ان خیالات کااظہارانٹرفیتھ مکالمہ پاکستان کے سنئیر کارکن اور تاجررہنماء حافظ میاں لیاقت علی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے بتایا کہ میری زندگی کا مقصد اولین انسانیت کی بھلائی دین کے اصولوں کے عین مطابق کرنا ہے اور اس کے لئے ہمیشہ کوشش کرتے ہیں کہ تمام تجارتی وسماجی معاملات بلاامتیاز رنگ ونسل ومذہب طے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ترقی کرے اور معاشرہ پرامن انداز میں خوشحال ہو۔انہوں نے کہا کہ سیاست برائے تنقید یامخالفت نہیں ہونی چاہیے بلکہ سیاست برائے خدمت کا جذبہ ہمیں پروان چڑھانے کی ضرورت ہے جو لوگ ذاتی مفادات کی خاطر دوسروں کو نقصان پہنچاتے ہیں وہ نہ تو انسانیت کے تقاضے پورے کرتے ہیں اور نہ ہی دین سے ان کا کوئی تعلق ہوتا ہے۔اس موقع پر ان کے بھائی میاں عارف علی بھی موجود تھے۔