ابوظہبی ،تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیزمقابلے کے بعد انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی، ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریزبھی انگلینڈ نے جیت لی۔ پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کا خواب پورا نہ ہو سکا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ نے میچ پانچ رنز سے جیت کر سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی۔ کیون پیٹرسن مین آف دی فائنل میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ شیخ زید انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ اوورز میں انگلینڈ نے چھ وکٹوں پر ایک سو انتیس رنز بنائے۔ کیون پیٹرسن باسٹھ رنز بناکر نمایاں رہے۔ سعید اجمل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان کی پہلی وکٹ آٹھ رنز پر گر گئی، محمد حفیظ صفر پر آؤٹ ہوئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں اسد شفیق اور اویس ضیا نے چالیس رنز کا اضافہ کیا۔ اسد شفیق تینتیس، اویس ضیا تئیس رنز بنا سکے۔ آخری لمحات میں پاکستان کو ایک گیند پر جیت کیلئے چھ رنز درکار تھے چھکا لگانے کی کوشش میں مصباح الحق کلین بولڈ ہوگئے۔ قومی ٹیم کے کپتان نے اٹھائیس رنز اسکور کیے۔ جیڈ ڈرن بیچ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔