اوباما انتظامیہ نے اگلے صدارتی انتخابات سے قبل گوانتا ناموبے جیل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ امریکی اٹارنی جنرل اریک ہولڈر نے یورپین پارلیمنٹ کو بتایا کہ اوباما انتظامیہ نے سیاسی مخالفت کے بعد اگلے صدارتی انتخابات سے قبل بدنام زمانہ گوانتاناموبے جیل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس مقصد کیلئے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ہولڈر نے مزید کہا کہ اگر حالیہ انتظامیہ انتخابات سے قبل جیل بند کرنے میں ناکام رہی تو نومبر 2012میں صدارتی انتخابات جیتنے کی صورت میں کوششیں جاری رکھیں گی۔ حریف جماعت ریپبلکن کے رہنما ریک پیری نے کہا کہ وہ گوانتاناموبے جیل کھلا رکھنے پر نہایت خوش ہیں اور اسے بند کرنیکی سخت مخالفت کرینگے۔ ہولڈر نے کہا کہ حالیہ انتظامیہ جلد از جلد گوانتاناموبے جیل بند کرنا چاہتی ہے۔