میکسیکو : (جیو ڈیسک) صدر اوباما اور روسی صدر پیوٹن نے نیٹو سپلائی کے متبادل روٹ کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا ہے، روس نے اس معاملے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔میکسیکو میں ہونے والے جی 20 اجلاس کے موقع پر صدر اوباما اور روسی صدر پوٹین کی ملاقات ہوئی جس میں افغانستان کی ترقی اور امن کیلئے دونوں ممالک کے درمیان کام کرنے کا عزم کیا گیا۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ اور طالبان، امریکا اور روس کے دشمن ہیں اور دونوں ممالک کو دہشت گردی سے خطرات لاحق ہیں جن میں شمالی افریقہ،مڈل ایسٹ، افغانستان اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد شامل ہیں۔ دونوں ممالک کا متبادل سپلائی روٹ کو مستحکم کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا اور اس بات کا بھی عزم کیا گیا کہ متبادل سپلائی لائن کیلئے روس مدد کرے گا۔