اولمپکس : پول میں پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کا تیسرا نمبر

Pakistan hockey team

Pakistan hockey team

اولمپکس (جیوڈیسک) اولمپکس کے میگا ایونٹ میں پاکستان ہاکی ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔کھیلوں کے عالمی میلے کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان کو گروپ اے میں رکھا گیا جہاں قومی ٹیم نے تیس جولائی کو سپین کے خلاف اپنی اولمپکس مہم کا آغاز کیا۔ افتتاحی میچ میں پاکستان نے اچھا کھیل پیش کیا اور میچ ایک ، ایک کی برابری پر ختم ہوا۔ دوسرے گروپ میچ میں پاکستان کا یکم اگست کو ارجنٹائن سے جوڑ پڑا۔ جیت کے جذبے سے میدان میں اترنے والے قومی کھلاڑیوں نے دو، صفر سے کامیابی سمیٹی۔ تین اگست کو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوئیں۔

کمزور دفاع اور دیگر خامیوں نے گرین شرٹس کو چار ایک کی شکست سے دوچار کیا۔ اس ہار کے باوجود قومی ٹیم چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھی۔ شکست کا داغ دھونے کے لیے قومی کھلاڑی جنوبی افریقا کے خلاف پانچ اگست کو اِن ایکشن ہوئے۔ سنسنی خیز میچ میں پانچ چار کی کامیابی نے پاکستان کو سات پوائنٹ کے ساتھ تیسری پوزیشن پر برقرار رکھا۔ گروپ اے میں پاکستان اپنا آخری میچ سات اگست کو عالمی چیمپئن آسٹریلیا سے کھیلے گا۔