انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر جیک روگی نے کہاکہ لندن اولمپک میں باکسنگ گولڈ میڈل کیلئے رشوت دینے کے الزام کی مکمل تفتیش کرائی جائیگی۔ بین الاقوامی براڈ کاسٹر بی بی سی کی رپورٹ میں الزام لگایاگیا ہے کہ آذربائیجان نے لندن اولمپک میں دو باکسنگ گولڈ میڈلز کو یقینی بنانے کیلئے رشوت دی ہے۔ اس مقصد کیلئے نامعلوم آزری سرمایہ کار نے امیچر انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کو کئی ملین ڈالر قرض دیا ہے۔بیجنگ میں ورلڈ اسپہورٹس کانفرنس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی او سی کے صدر جیک روگی نے کہاکہ الزام کے حوالے سے ایسوسی ایشن آف باکسنگ کو خود تحقیقات کرانی چاہئے۔ آئی او سی بھی کرپشن کے اس الزام کی مکمل تفتیش کرائیگی۔