اوورسیز کی خدمت کرکے ڈاکٹر فاروق ستار خود کو تاریخ میں امر کرسکتے ہیں۔ چوہدری احمد ندیم گجر

اسلام آباد ( بیورو رپورٹ ) میٹنگ کے دوران پی او اے ایف انٹرنیشنل پاکستان چیپٹر کے چیف آرگنائزر چوہدری احمد ندیم گجر نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے اوورسیز پاکستانیوں کی ڈیڈ باڈیوں کی ان کے گھروں کو مفت ترسیل کے حوالے سے بہت کام کیا ہے اور یہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اگر وفاقی وزیر ڈاکٹر فارو ق ستار بھی خود کو تاریخ میں امر رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ان کا کھویا ہوا مقام دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اس ملک کا عظیم سرمایہ ہیں مگر ماضی میں ان کی حق تلفی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا گیا مگر پی او اے ایف انٹرنیشنل کی جدوجہد سے اب اس حق تلفی اور لوٹ مار کا سلسلہ بند ہو چکا ہے ۔ پی او اے ایف انٹرنیشنل کا ہر عہدیدار پوری دنیا میں اوورسیز کمیونٹی کی خاطر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار سے بھی ہم یہی توقع رکھتے ہیں کہ وہ عملی طور پر کوشاں رہتے ہوئے پی او اے ایف انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر کمیونٹی کیلئے اپنی وزارت کے دور میں کچھ کر جائیں تاکہ وہ تاریخ میں امر ہو جائیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پی او اے ایف انٹرنیشنل کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ آپ واقعی اوورسیز کمیونٹی کی عملی خدمت کررہے ہیں مگر میں بھی پوری طرح خلوص نیت کے ساتھ آپ کا ساتھ دوں گا۔