پاکستان : (جیو ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمیں قائد اعظم محمد علی جناح کے پیغام کو لیکر آگے بڑھنا ہوگا موجودہ حکومت اپوزیشن کی مشاورت سے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہتی ہے ۔ وہ کراچی میں مزار قائد پرحاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے مطابق حکومت چلانا چاہتے ہیں کسی ادارے کے ساتھ ٹکراؤ نہیں چاہتے ہم کسی بھی ادارے کی عزت کم کرنا نہیں چاہتے۔
راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ ملک میں قومی مفاہمت کی سیاست کوفروغ دیں گے، آج قوم کو قائد کے اصول پرقائم رہ کرملک کوآگے لیکرچلنا ہے،مفاہمت کی سیاست کو لے کرآگے چلناہے، ہمارا پیغام ہے محبت جہاں تک پہنچے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں اتحادیوں کامشکورہوں جنہوں نے مجھے منتخب کیا۔ ہم کسی ادارے سے ٹکرا نہیں چاہتے۔اب ضرورت اس بات کی ہے کہ درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام مسائل کا حل باہمی مشاورت سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کراچی کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہیں ملک میں انارکی کسی کے حق میں نہیں۔
راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ جمہوری حکومت شفاف انتخابات یقینی بنائیگی، تمام مسائل کاحل جمہوریت اور پارلیمنٹ میں ہے،کسی بھی ادارے کی قدر ومنزلت کم نہیں کی جانی چاہیے۔