اگست : افغانستان میں امریکی افواج کے لیے ہلاکت خیز مہینہ

afghanistan

afghanistan

ایک دہائی سے جاری افغان جنگ میں اگست کا مہینہ افغانستان میں تعینات امریکی افواج کے لیے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا۔
گزشتہ ماہ ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 66تھی جو کہ جولائی2010 میں ہونے والی ہلاکتوں سے زیادہ تھی۔ اس سے قبل 2001 سے جاری جنگ میں گزشتہ سال میں جولائی جانی نقصان کے حوالے سے امریکی افواج کے لیے بدترین رہا تھا۔
ان ہلاکتوں میں وہ 30فوجی بھی شامل ہیں جن کے ہیلی کاپٹر کو مشرقی افغانستان میں عسکریت پسندوں نے مار گرایا تھا۔افغانستان میں جاری جنگ میں کسی ایک واقعے میں اتنی بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا یہ سب سے بڑا واقعہ تھا۔
دریں اثنا نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ بدھ کو مشرقی افغانستان میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں اس کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔ رواں سال افغانستان میں 390سے زائد غیر ملکی فوجی مارے جاچکے ہیں۔