ایبٹ آباد : (جیو ڈیسک) ایبٹ آباد میں ٹیچر کے مبینہ تشدد کے بعد خودکشی کرنے والے عبدالمبین کی والد کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ ایبٹ آباد کے پاکستان انٹر نیشنل پبلک سکول میں زیر تعلیم چودہ سالہ طالب علم عبد المبین نے انگلش ٹیچر کے مبینہ تشدد کے بعد دلبر داشتہ ہو کر خو دکشی کرلی تھی، جس کیخلاف عبد المبین کے والد محمد رفیق کی مدعیت میں تھانہ سٹی نے انگریزی کے ٹیچر سہراب، اسکول کے ایم ڈی بریگیڈئر(ر)اعجاز اکبر، پرنسپل بریگیڈئر(ر) احسان اللہ کیخلاف زیر دفعہ 322/34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد کریم خان نے مقدمہ کے اندراج میں تاخیر پر ایس ایچ او سٹی عاشق حسین کو معطل کر کے لائن حاضر کردیا۔