ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کے لیے اتحادیوں کی مشترکہ کوششوں، تجاویز اور حکمت عملی پر غور کے لیے امریکہ کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسیی اپنی اہلیہ کے ہمراہ اسرائیل پہنچ گئے۔ مارٹن ڈیمپسی نے اسرائیلی شہر جافا میں چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بینی گنٹز سے ملاقات کی، جنرل ڈیمپسی نے اسرائیلی ہم منصب پر واضح کیا کہ امریکہ خطے میں عدم استحکام کی وجہ سے اسرائیل کو تہران کو یورینیم کی افزودگی روکنے کے لیے ایران پر ممکنہ حملے کے حق میں نہیں۔ رواں ہفتے اسرائیلی ایجنٹوں کے ہاتھوں ایرانی جوہری سائنسدان کے قتل کے بعد واشنگٹن نے ان اطلاعات کی تردید کی جس میں امریکہ کے ملوث ہونے کا اظہار کیا جا رہا تھا، دوسری جانب چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارٹن ڈیمپسیی کے یورپ کے دورے کے دوران قریبی اتحادی اسرائیل کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں ملتوی کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔