ایران (جیوڈیسک) ایران کو تیل سے حاصل ہونے والی آمدن میں 45 فیصد کمی آئی ہے۔ ایران کی قومی کمیٹی برائے منصوبہ بندی اور بجٹ کے ممبر غلام رضا کاتب کا کہنا ہے کہ ملک کی مجموعی اقتصادی حالت اس وقت مشکل سے دو چار ہے۔ مغربی ممالک کی جانب سے پابندیوں کے بعد گزشتہ نو ماہ کے دوران ایران کو تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی میں پینتالیس فیصد کمی آئی ہے۔
ایران کی وزارتِ برائے تیل نے عدم ادائیگی کی بنا پر ہوائی کمپنیوں کو تیل کی فروخت روک دی ہے جس کی وجہ سے معاشی بحران میں اضافے کا خدشہ ہے۔ وزیر تیل رستم قاسمی کی جانب سے پارلیمان میں پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیل کی برآمدات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ واضح رہے کہ ایران کی آمدنی کا زیادہ تر انحصار خام تیل کی برآمدات پر ہے۔