اسلام آباد(جیوڈیسک)سکیورٹیزاینڈ ایکسچینج کمیشن نے رواں مالی سال کے دوسرے ماہ اگست کے دوران 274 کمپنیوں کی رجسٹریشن کی، ایس ای سی پی کے ترجمان کے مطابق اگست میں رجسٹرڈ کردہ کمپنیوں میں 257 نجی ،16 یک رکنی ، 2 پبلک ان لسٹڈ ، 2 غیر منافع بخش کمپنیاں شامل ہیں۔
رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں میں سب سے زیادہ 44کمپنیاں تجارتی شعبے سے جبکہ 28سروسز ،21تعمیرات،18توانائی کی پیداوار ، 17آئی ٹی اور 16 کمپنیاں ٹیکسٹائل کے شعبے سے متعلقہ ہیں ، اگست کے دوران 89 کمپنیوں نے لاہور ، 76 نے کراچی اور 72کمپنیوں نے اسلام آباد میں رجسٹریشن حاصل کی جبکہ پشاور 14، ملتان 12، فیصل آباد میں8 اور کوئٹہ میں 3کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں ۔
اگست کے دوران رجسٹریشن حاصل کرنے والی کمپنیوں کا مجاز سرمایہ ایک ارب 89کروڑ روپے جبکہ ادا شدہ سرمایہ 48کروڑ 20لاکھ روپے ہے، اگست کے دوران 56کمپنیوں نے اپنا مجاز سرمایہ بڑھا کر2ارب 99کروڑ اور 52کمپنیوں نے ادا شدہ سرمایہ 3ارب 20کروڑ کردیا۔