ایشیاء(جیوڈیسک)ایشیاء میں سونامی کی تباہ کاری کو آٹھ برس مکمل ہو گئے۔ دو ہزار چار میں میں آنے والے سمندری زلزلے میں دو لاکھ تیس ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
چھبیس دسمبر دو ہزار چار میں بحر ہند میں آنے والے خوفناک سمندری زلزلے نے ایسی تباہی مچائی جس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ دس منٹ تک جاری رہنے والے نو اعشاریہ ایک شدت کے زلزلے نے ایشیا کے کئی ممالک کو ہلا کر رکھ دیا۔ سمندر سے بلند ہونے والی تیس میٹر اونچی لہروں نے ہر چیز کو لپیٹ میں لے لیا۔
کئی ممالک کے ساحل صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔ انڈونیشیا کا صوبہ آچے اور نیاس سونامی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں طوفانی لہروں نے ہر شے پٹخ کر رکھ دی صرف انڈونیشیا میں سونامی سے ایک لاکھ اڑسٹھ ہزار لوگ لقمہ اجل بنے جبکہ لاکھوں زخمی اور بے گھر ہو گئے۔
سونامی کی بپھری لہروں نے تھائی لینڈ سری لنکا ،بھارت ،مالدیپ اور فلپائن کے علاوہ افریقہ کے بعض ساحلوں کو بھی متاثر کیا۔ تاریخ کا یہ شدید سمندری زلزلہ مشرق بعید میں ایسی تباہی مچا کر گیا جس کے اثرات آج بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔