سنگاپور (جیوڈیسک)امریکی خام تیل کے ذخائر میں کمی کے باعث ایشیائی لین دین میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔
جنوری کے لئے نیویارک کا لائٹ سویٹ خام تیل کا بڑا سودا 52 سینٹ اضافہ کے ساتھ 87.27 ڈالرز فی بیرل اور برینٹ نارتھ سی خام تیل کا جنوری کے لئے 62 سینٹس اضافہ سے 110.45 ڈالرز میں طے ہوا۔ سنگاپور کے پرون اینڈ گرٹز انرجی کنسلٹنٹ کے سینئر پرنسپل وکٹر شم کا کہنا ہے کہ امریکی پٹرولیم انسٹیٹیوٹ اے پی آئی کی رپورٹ جس میں ذخائر میں کمی کو ظاہر کیا گیا ہے سے بلیک گولڈ کو مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر اس اضافے کی وجہ اے پی آئی کی رپورٹ ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ خام تیل کے ذخائر میں کمی ہوگئی ہے۔ منگل کو اے پی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکی ذخائر میں گزشتہ ہفتے 19 لاکھ بیرل سے زائد کی کمی واقع ہوئی۔ تجزیہ کاروں نے 9 لاکھ بیرل اضافے کی پیشنگوئی کی تھی۔