میرپور : (جیو ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا اہم میچ آج بنگلہ دیش کے میرپور شیربنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان فائنل میں پہنچ چکا ہے۔ جب کہ بھارتی ٹیم شکست کی صورت میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی۔
کرکٹ کا کھیل اور جنوبی ایشیا کے عوام جن کے لئے کرکٹ کھیل نہیں بلکہ زندگی و موت کا مسئلہ ہے۔ ایشیا کپ میں ہونے جارہا ہے کرکٹ کا اہم مقابلہ دو روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان دونوں ٹیمیں مقابلے کے لئے تیار ہیں۔
پاکستان کے لئے میچ اہم ہے لیکن بھارت کے لئے یہ بقا کا معاملہ ہے۔ بھارت اور پاکستان ون ڈے کرکٹ میں ایک سو بیس بار پنجہ آزمائی کرچکے ہیں۔ انہتر میں پاکستان اور سینتالیس میں بھارت پر فتح کی دیوی مہربان رہی۔ جب کہ چار میچ بے نتیجہ رہے۔
ایشیا کپ میں گرین شرٹس نے ٹیم انڈیا سے نو میچ کھیلے۔ چار میں کامیابی اور چار میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ پاکستان نے بنگلہ دیش میں چھبیس ایک روزہ میچ کھیلے۔ انیس میں فاتح جبکہ سات میں ناکام رہا۔ بھارت کے خلاف آٹھ میچ کھیلیں ہیں جن میں تین میں کامیابی اور پانچ میں ناکامی ہوئی۔