ایف آر پشاور : چوکیوں پر حملے، 2 اہلکار جاں بحق، 23 لاپتہ

Peshawar

Peshawar

پشاور (جیوڈیسک)ایف آر پشاور میں شدت پسندوں کے دو مختلف مقامات پر لیویز اہلکاروں کی چوکیوں پر حملوں میں دو اہلکار جاں بحق اور تیئس لاپتہ ہو گئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق شدت پسندوں نے حسن خیل میں ٹیلی فون ایکس چینج اور زیڑے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ جس میں دو لیویز اہلکارجاں بحق ہو گئے۔ حملے میں ٹیلی فون ایکس چینج مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ حملوں میں تیئس لیویز اہلکار لاپتہ ہو گئے خدشہ ہے کہ شدت پسندوں نے ان اہلکاروں کو اغوا کر لیا ہے۔

واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق حملے میں پاک فوج، فرنٹیئر کانسٹیبلری یا پولیس کے کسی اہلکار کو اغوا نہیں کیا گیا۔

لیویز خاصہ دار فورس میں مقامی قبائلیوں کو بھرتی کیا جاتا ہے جن کے لاپتہ ہونے کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔