ایف اے کپ فٹبال : (جیو ڈیسک) ایف اے کپ فٹبال فائنل میں چیلسی نے لیورپول کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی اور چھ سال میں چوتھی مرتبہ چیمپئن بن گئی۔ دیدیئر ڈروگبا اور کپتان جان ٹیری نے اپنے نام ریکارڈ بک میں درج کرادیئے۔
ایف اے کپ فائنل میں چیلسی نے ابتدا ہی سے لیورپول پر دبائو قائم کر لیا۔ کھیل کے گیارہویں منٹ میں ٹیم کے برازیلین اسٹرائیکر رامریز نے گیند کوجال میں پہنچاکر چیلسی کو برتری دلائی۔پہلے ہاف کے اختتام تک یہ برتری قائم رہی۔ باون ویں منٹ دیدیئر ڈروگبا نے چیلسی کا دوسرا گول کیا۔کھیل کے آخری منٹوں میں لیورپول نے شاندار کم بیک کیا ۔
اسی دوران متبادل کھلاڑی اینڈی کیرل نے لیور پول کا واحد گول اسکور کیا۔ بیاسی ویں منٹ میں کیرل ہیڈر کے ذریعے گول کرنے کی کوشش چیلسی کے گول کیپر نے ناکام بنادی۔ایف اے کپ کی ایک سو اکتالیس سالہ تاریخ میں دیدیئر ڈروگبا چار فائنلز میں گول کرنے والے اور جان ٹیری چار فائنلز میں قیادت کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔