اسلام آباد : (جیو ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایس آر او ایک سو اکیانوے ایک ماہ کے لئے معطل کر دیا، ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں بھی پچیس اپریل تک توسیع کر دی گئی۔چیئرمین ایف بی آر ممتاز حیدر نے ایف پی سی سی آئی اور کے سی سی آئی کی الیگل سیلز ٹیکس ان پٹ ریکوری کمیٹیوں کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر کو بتایا گیا کہ ایس آر او ایک سو اکیانوے کے تحت قومی شناختی کارڈ یا نیشنل ٹیکس نمبر کی لازمی فراہمی کی شرط سے کاروباری برادری کو پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے صنعت کاروں کے مسائل سننے کے بعد ایس آر او ایک سو اکیانوے معطل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس کے علاوہ مارچ کے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی آخری تاریخ میں بھی پچیس اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس بیس میں وست اورمعیشت کی دستاویزی کیلئے بارہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔