کراچی : ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن و مشیر برائے انفارمیشن ٹیکنا لوجی حکومت سندھ محمد رضا ہارون نے کہا ہے کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین نے ہمیں ہمیشہ خدمت کا درس دیا ہے علاقائی ترقی کے ساتھ عوام کو ہر شعبے میں سہولیات کی فراہمی کو اپنا نصب العین بنا کر عوامی خوشحالی کے ویژن پر دن رات مصروف ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل ٹائون میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر شاہ فیصل ٹائون میں انسداد خسرہ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری ،ڈاکٹر ندیم مقبول ،چیف آفیسر کمال مصطفی ،ایم کیو ایم شاہ فیصل سیکٹر اور یونٹ کے ذمہ دران ،سابقہ حق پرست بلدیہ نمائندوں کے علاوہ علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔رضا ہارون انسداد خسرہ مہم کے لئے فیملی پارک میں قائم کئے گئے انسداد خسرہ مہم کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہاکہ مستقبل کے معماروں کی صحت مند زندگی کے لئے انسداد پولیو اور خسرہ سمیت دیگر مہلک امراض سے پاک معاشرے کے قیام کی ضرورت ہے متعلقہ اداروں سے کہا کہ وہ امراض سے متعلق احتیاطی تدابیر سے آگاہی کو یقینی بنا ئیں انہوں نے کہا کہ ہر مرض سے بچائو ممکن ہے اگر اس سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے تو نہ صرف ہم بلکہ اپنے ارد گرد آباد لوگوں کو بھی امراض سے محفوظ اور صحت مند معاشرے کو فروغ دے سکتے ہیں رضا ہارون نے خسرے کی پھیلتی وباء پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ہیلتھ سمیت معاشرے میں بسنے والے ہر فرد کو خسرہ سے بچائو کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری اور ڈاکٹر ندیم مقبول نے کہا کہ علاقائی ترقی کے ساتھ عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے کوشاں ہیں انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل ٹائون میں کارڈک ایمرجنسی سینٹر سمیت طبی سہولیات کی فراہمی پر تمام اداروں کو فعال بنا یا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسداد خسرہ مہم ہو یا انسداد پولیو مہم محکمہ ہیلتھ سے مکمل تعاون کیا جارہا ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خسرہ کی پھیلتی ہوئے وباء سے محفوظ رکھنے کے لئے اپنے مستقبل کے معماروں کو خسرہ سے بچائو کے حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائے جائیں ۔چیف آفیسر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹائون میں عوام کو صاف ستھرے ماحول کے ساتھ صحت مند معاشرے کو بھی فروغ دے رہے ہیں اور انشا اللہ حق پرست عوامی نمائندوں کی باہمی مشاورت اور عوام کے تعاون کے ذریعے شاہ فیصل ٹائون سے پولیو ،خسرہ سمیت دیگر امراض کا مکمل خاتمہ اور صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا یا جائے گا۔