کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ نے تحریک منہاج القران کے لانگ مارچ میں شرکت کرنے کا اعلان کر دیا، فاروق ستار کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ میں ایم کیو ایم کے لاکھوں کارکن شرکت کرینگے۔ کراچی متحدہ قومی موومنٹ نے تحریک منہاج القران کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کے غریب و متوسط طبقے کی آواز کو بلند کیا ہے۔ ہم انتخابات کا التوا یا جمہوری نظام کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے۔
طاہر القادری ملک سے فرسودہ نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ان کا بھی وہی منشور ہے جس کی جدوجہد ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کر رہے ہیں۔
فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد نے لانگ مارچ میں شرکت کے لئے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔ ایم کیو ایم 14 جنوری کو تحریک منہاج القران کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریگی۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے متعلق دیگر معاملات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔