اسلام آباد(جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے وفد نے جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ فضل الرحمٰن سے ملاقات کی جس میں ملکی استحکام کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کا مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
فاروق ستار کی قیادت میں ایم کیو ایم کے وفد نے فاروق ستار کی قیادت میں جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مشکل صورتحال سے دوچار ہے جس کے لیے قومی سطح کی قیادت کو قومی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی کا یک طرفہ عمل قابل قبول نہیں۔
اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملکی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پارلیمنٹ سے باہر کی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینا چاہیئے۔