لاہور کی سیشن عدالت نے این آئی سی ایل فراڈ کیس سے بریت کے لئے چوہدری مونس الہیٰ کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ سیشن جج لاہور مجاہد مستقیم کی عدالت میں مونس الہی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مقدمے کے تمام گواہان منحرف ہوچکے ہیں۔ اب قانون کے مطابق ٹرائل کو آگے نہیں چلایا جاسکتا لہذا عدالت انہیں این آئی سی ایل فراڈ کیس سے بری کرے۔ عدالت نے درخواست کی ابتدائی سماعت کے بعد ایف آئی اے سمیت فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت گیارہ اگست تک ملتوی کردی جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر مونس الہی کو بھی طلب کر لیا۔ اس سے قبل بینکنگ کورٹ کے جج ملک عبدالشید نے مونس الہی کی درخواست کی سماعت کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کیس سیشن جج لاہور کو بھجوا دیا گیا۔