چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیاں روکنے اور وزیر اعظم پاکستان کے خلاف آئین سے انحراف کا مقدمہ درج کرنے کی درخواستوں پر فل بینچ تشکیل دے دیا۔ بینچ کی سربراہی لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس شیخ عظمت سعید کریں گے جبکہ بینچ میں جسٹس ناصر سعید شیخ اور جسٹس چوہدری شاہد سعید بھی شامل ہیں۔ دونوں درخواستوں کی ابتدائی سماعت کے بعد جسٹس عمر عطا بندیال نے فل بنچ تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔ درخواست گزاروں کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ کے فیصلے باوجود ایوان صدر میں سیاسی سرگرمیاں نہیں روکی گئیں جبکہ حکومت پاکستان سپریم کورٹ کے احکامات پر نہ صرف عمل نہیں کررہی بلکہ عدالتی فیصلوں کی تضحیک کی کوشش بھی کی جاتی ہے جو آئین کی خلاف ورزی ہے لہذا وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے خلا ف آئین سے انحرا ف کا مقدمہ درج کیا جائے۔