ایپل نے صارفین سے معافی مانگ لی

Apple logo

Apple logo

ایپل کے نقشوں والے نئے سوفٹ وئر میں غلطیوں کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے جس پر ایپل نے معافی مانگ لی ہے۔

ایپل کے چیف ایگزیگٹیو آفیسر ٹم کک نے غلط نقشوں کی ایپلیکیشن پر صارفین سے معافی مانگی ہے اور اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس سافٹ ویئر کو بہتر بنانے کے بار بار وعدوں سے صارفین بے زار ہو چکے ہیں۔

اس دوران کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متبادل کے طور پر دوسری کمپنی کے سافٹ ویئر ڈان لوڈ کریں۔

ایپل نے گزشتہ چند مہینوں میں صارفین سے کئی دفعہ معذرت کی ہے لیکن یہ معافی اس لحاظ سے مختلف ہے کہ اس بار معافی کا خط ٹم کک نے خود لکھا ہے جسے بہت شہرت ملی ہے۔

ٹی کک کی جانب سے اس معذرت کو ایپل نے اپنے ہوم پیج پر شائع کیا ہے۔

یاد رہے کہ جولائی میں کمپنی کے ہارڈ ویئر انجینئرنگ کے سربراہ کی طرف سے آئی کلاڈ ای میل سروس میں خرابی پر صارفین سے معافی مانگی تھی۔

ٹم کک نے لکھا ہے ایپل کی کوشش ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مصنوعات تیار کرے جو صارفین کے لیے مفید ثابت ہوں۔ پچھلے ہفتے ہمارے نئے نقشوں والے سافٹ ویئر مارکیٹ میں آئے جس میں خرابی کی وجہ سے ہم اعلی معیار کا وعدہ پورا نہیں کر سکے۔ اس کی وجہ سے ہم صارفین کو پیش آنے والی مشکلات اور ہونے والے تکلیف پر معافی مانگتے ہیں اور ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ ان نقشوں کو بہتر بنایا جائے۔

انھوں نے کہا ہے کہ ایک سو ملین سے زیادہ موبائل سیٹ استعمال کرنے والے گوگل نقشوں سے ایپل کے نقشوں کے نئے سافٹ ویئر پر منتقل ہوئے ہیں۔

نئے سافٹ ویئر کے سیٹلائٹ نقشے میں غلطیاں ہیں۔ مثال کے طور پر کہیں صرف بادل نظر آتے ہیں، کہیں آبادیوں کو غلط جگہوں پر دکھایا گیا ہے، کہیں روڈ غائب ہے، جگہوں کے نام غلط لکھے گئے ہیں۔

ٹیکنالوجی کے ایک ماہر نے ٹم کک کی طرف سے صارفین کو دوسرے کمپنیوں کے نقشوں والے سافٹ ویئر استعمال کرنے کے مشورے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بات پر زور دینے کا مقصد ایپل کے نئے پراڈکٹس کی فروخت میں کمی کو روکنا ہے۔