پاکستان (جیوڈیسک) کل شام کی بارش کے بعد میدانی علاقوں میں سورج ایک بار پھر چمکنے لگا تاہم خنکی کی لہر واضح طور پر محسوس ہوتی رہی۔لاہور سمیت اکثر میدانی علاقوں میں تیز دھوپ نکلی ہوئی ہے۔ مختلف شہروں میں گزشتہ رات ہونے والے بارش نے گرم کپڑے نکالنے کا پیغام دیدیا۔ اسلام آباد میں بارش سے موسم نکھر گیا اورہوا میں خنکی بڑھ گئی۔ لاہور میں بارش سے پہلے آندھی آئی جس سے ہر طرف گرد و غبار چھا گیا۔ بعد میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ فیصل آباد میں بھی جم کر بادل برسے۔
ساہیوال اور رینالہ خورد میں بھی ژالہ باری نے موسم بدلنے کی نوید سنا دی۔ بالائی علاقوں میں بھی بادل برسنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس سے ان علاقوں کا درجہ حرارت مزید گر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم میدانی اور بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔