آج بارہ اکتوبر ہے، آج سے ٹھیک بارہ سال قبل اس وقت کے آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔ کارگل آپریشن کے بعد وزیراعظم نواز شریف اور اس وقت کے آرمی چیف کے درمیان اختلافات کی خلیج گہری ہوتی چلی گئی اور ملک بے چینی کی راہ پر گامزن ہو گیا اور ایک ایسے ہی موقع پر جب نواز شریف نے ڈی جی آئی ایس آئی کو پرویز مشرف کی جگہ آرمی چیف بنانے کا اعلان کرنا چاہا تو یہ بات جی ایچ کیو میں موجود جنرل پرویز مشرف کے قریبی ساتھی جنرلز کو ناگوار گزری۔ جنرل پرویز مشرف سری لنکا میں سارک فوجی سربراہ کی کانفرنس میں شرکت کے لئے کولمبو گئے ہوئے تھے تب ان کے ساتھی جنرلز نے حکومت کے اس حکم کو نہ مانتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر لیا اور جنرل پرویز مشرف نے ملک کے پہلے سی ای او کی حیثیت سے اقتدار سنبھال لیا۔