بالی ووڈ (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ آج اپنی چوالیس ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ جوہی چاولہ انیس سو سڑسٹھ میں پیدا ہوئیں۔ سترہ سال کی عمر میں مس انڈیا کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد وہ فلمی دنیا میں آ گئیں۔ جوہی چاولہ نے کیریئر کا آغاز فلم “سلطنت” سے کیا۔ تاہم فلمی دنیا میں ان کی پہلی بڑی کامیابی “قیامت سے قیامت تک” تھی۔ اس فلم میں انہوں نے عامر خان کے مقابل ہیروئن کا کردار ادا کیا۔
اس پر وہ بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لئے بھی نامزد ہوئیں۔ چھبیس سالہ کیریئر میں جوہی چاولہ نے درجنوں کامیاب فلمیں دیں۔ “ہم ہیں راہی پیارکے” میں شاندار اداکاری پر انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئرایوارڈ ملا۔ بالی ووڈ کے تین خانزعامرخان، شاہ رخ خان اور اربازخان نے اپنا فلمی کیریئرجوہی چاولہ کے ساتھ شروع کیا۔
جوہی چاولہ نے پروڈیوسرکی حیثیت سے بھی تین کامیاب فلمیں دیں۔ ان میں “پھربھی دل ہے ہندوستانی”، “اشوکا” اور “چلتے چلتے” شامل ہیں۔ جوہی چاولہ نے نئی ریلیز ہونے والی فلم “سن آف سردار” میں بھی کام کیا ہے۔ ان کی آئندہ فلم “چشم بدور” ہے جو آئندہ برس فروری میں ریلیز ہو گی۔