ممبئی : (جیو ڈیسک) بالی ووڈ مسٹر پرفیکٹ عامر خان چودہ مارچ کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں۔ مگر وہ اس بار دیگر برسوں کی طرح فیملی کے ہمراہ نہیں بلکہ سیٹ پر اپنی سالگرہ منائیں گے۔
بالی ووڈ مسٹر پرفیکٹ عامر خان کل ہو جائیں گے چھیالیس برس کے مگر ہر سال اپنے خاندان کے ساتھ اپنی سالگرہ منانے والے عامر اس بار کام میں مصروف رہیں گے۔ شاید یہی کام کا نشہ ہے کہ عامر خان نے بالی ووڈ کو اتنی بہترین فلمیں دیں، جن کو بین الاقوامی پذیرائی بھی ملی۔
فلم یادوں کی بارات سے کیریئر کا آغاز کرنے والے عامر خان کی پہلی ہٹ فلم تھی۔۔ قیامت سے قیامت تک۔ مسٹر پرفیکٹ نے ہمیشہ ہی کچھ الگ انداز میں کام کیا۔ ایکٹنگ میں جھنڈے گاڑے تو پروڈکشن کی طرف رخ کیا اور وہاں بھی مایوس نہ کیا۔
ان کی پہلی پروڈکشن ڈیبیو ۔۔ لگان۔۔ ان کو آسکر کی محفل تک لے گئی۔ اس کے بعد عامر خان نے جو بھی پیش کیا اسے بہترین، پرفیکٹ اور بیسٹ سے کم گریڈ بھی نہیں کیا گیا۔
عامر خان نے اپنی فلموں میں ہمیشہ کوئی گہرا معاشرتی پہلو چنا اور اس کو بے حد خوبصورتی سے فلمایا۔ لگان، منگل پانڈے، رنگ دے بسنتی، گجنی، تارے زمیں پر اور تھری ایڈیٹس بالی ووڈ کی وہ شاندار فلمیں ہیں۔