کراچی: (جیو ڈیسک) ملک میں بجلی کا سنگین بحران جاری ہے، سات ہزار میگا واٹ کے شارٹ فال کے باعث شہروں میں پندرہ اور دیہی علاقوں میں بیس گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ واجبات نہ ملنے پر نجی پاور کمپنیوں کی جانب سے بجلی کی پیداوار کم کرنے سے سات ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال برقرار ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے ذرائع کے مطابق اس وقت بجلی کی طلب ساڑھے سولہ ہزار جبکہ پیداوار ساڑھے نو ہزار میگا واٹ ہے۔
ہائیڈل ذرائع سے ایک ہزار نو سو پچاس، تھرمل سے ایک ہزار نو سو، آئی پی پیز سے سات سو اور دیگر ذرائع سے دو ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔ بجلی کی قلت کے باعث ملک بھر میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بیشتر علاقوں میں ہر ایک گھنٹے بعد دو سے تین گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے۔ شہروں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ پندرہ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بیس گھنٹے سے تجاوز کر گیا ہے۔ بجلی نہ ہونے سے کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش سے لوگ بے حال ہو گئے اور کاروبار زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔